کامیاب زندگی کے اصول۔۔ شکیل احمد

کامیابی کا حصول

یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کر لیں کہ گزرا ہوا دن کبھی لوٹ کر نہیں آئے گا۔اس لئے کل کا انتظار کرنا بند کریں۔آپ کو قیمتی بنانے کے لیے یہ حقیقت ہی کافی ہے کہ آپ زندہ ہیں۔ زندگی اس قدر طویل نہیں کہ عذر تراشی کی جائے۔ اپنی موجودہ حیثیت پر ہی قناعت نہ کریں، اپنے کاموں کو مؤخر کرنا چھوڑیں، آج ایک جرأت مندانہ قدم اٹھاتے ہوئے پیش قدمی کی ابتداء کریں۔ اگر آپ کو یہ معلوم نہیں کہ آپ کو کس راستہ پر جانا چاہیے تو ہمیشہ دانائی یہ ہوتی ہے کہ’’ اپنے دل کی آواز سنی جائے‘‘۔ ان وجوہات پر غور کرنے کے ساتھ ساتھ ذیل میں کچھ کام دئیے گئے ہیں جو ہم خود اپنے ساتھ کرتے ہیں، انہیں کرنا بند کیجئے۔

جب آپ غلط چیزوں کا تعاقب کرنا بند کر دیتے ہیں تو ایسا کرتے ہوئے آپ خود کو یہ موقع دیتے ہیں کہ آپ صحیح چیزوں کو اپنا سکیں۔جیسا کہ ماریہ روبن سن(Maria Robinson)نے ایک مرتبہ کہا تھا ’’کوئی بھی شخص اپنے ماضی میں واپس نہیں جا سکتا اور ایک نئی شروعات نہیں کر سکتا ، لیکن ہر شخص آج سے شروع کرتے ہوئے ایک نیا انجام ضرور دے سکتا ہے۔‘‘ اس بیان کی صداقت پر شاید ہی شک کیا جا سکتا ہو۔ لیکن اس سے پہلے کہ آپ تبدیلی کے اس عمل کا آغاز کریں آپ کو ان تمام چیزوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی جو آپ کی ناکامی کا باعث ہیں۔ غلط لوگوں کی صحبت میں رہ کر اپنا وقت ضائع کرنا بند کریںزندگی اس درجہ طویل نہیں کہ ایسے لوگوں کے ساتھ رہ کر اپنا وقت برباد کیا جائے جو آپ سے آپ کی تمام خوشیوں کو چھین لیں۔

اگر کوئی شخص آپ کو اپنی زندگی میں شامل کر لینے میں سنجیدہ ہے تو وہ خود ہی اپنی زندگی میں آپ کے لیے گنجائش پیدا کر لے گا۔ کبھی بھی خود کو کسی ایسے شخص کے ساتھ رہنے پر مجبور نہ کریں جو مسلسل آپ کی اہمیت کو نظر انداز کر رہا ہو۔ اور یاد رکھیں آپ کے اچھے دوست وہ نہیں ہوتے جو آپ کے بہترین دنوں میں آپ کے ساتھ موجود رہتے ہیں بلکہ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو آپ کے بدترین دنوں میں بھی آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔ خود سے جھوٹ بولنا بند کریں،آپ دنیا میں ہر شخص سے جھوٹ بول سکتے ہیں لیکن خود سے جھوٹ نہیں بول سکتے۔ ہماری زندگیوں میں بہتری اس وقت آئے گی جب ہم خطرات مول لیتے ہیں اورسب سے بڑا خطرہ جو ہمیں مول لینا ہو گا وہ خود کے ساتھ ایمانداری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.