یہ آٹھ پرندے کیوں نہیں اڑسکتے۔الیسن الڈریج

birds

آپ ان پرندوں کے بارے میں یہی گمان کرتے ہوں گے کہ یہ اڑ سکتے ہیں لیکن درحقیقت ایسا نہیں ہے۔ ان پرندوں کے بارے میں کیا خیال ہے جو اڑ نہیں سکتے؟ یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ وہ دوسرے پرندوں سے حسد کرتے ہوں۔ تاہم اپنی حد تک یہ بھی بہت خوبصورت ہیں۔ یہاں ایسے آٹھ پرندوں کا ذکر ہے جو اڑ نہیں سکتے۔ پینگوئن:کوئی بھی ایسی فہرست جس میں اڑنے کی صلاحیت سے محروم پرندوں کا ذکر ہو گا، پینگوئن کے بغیر نامکمل ہو گی۔ پینگوئن کی تمام 18 اقسام اڑ نہیں سکتیں۔ دراصل قدرت نے ان میں تیرنے اور غوطہ لگانے کی بہتر صلاحیت رکھی ہے۔ وہ اپنا بیشتر وقت یہی کرتے گزارتے ہیں۔ ان کی چھوٹی ٹانگیں جب ان کے موٹے جسم کا بوجھ اٹھاتی ہیں، تو ان کی چال ایک انوکھا رنگ لے لیتی ہے۔ زیادہ تر لوگ سمجھتے ہیں کہ پینگوئن انٹارکٹیکا میں رہتی ہیں لیکن ان کی زیادہ تر اقسام شمال میں پائی جاتی ہیں۔ کچھ اقسام معتدل موسم والے علاقوں میں بھی رہتی ہیں۔ جبکہ گلاپاگوس پینگوئن خط استوا کی باسی ہے۔ ان پرندوں میں رومانویت کوٹ کوٹ کر بھری ہے اور یہ عام طور پر زندگی بھر ایک ہی جوڑا بناتے ہیں۔ سٹیمر بطخ: سٹیمر بطخ کی چار اقسام ہیں جن میں سے تین اڑ نہیں سکتیں۔ چوتھی قسم میں بھی بعض نر اتنے بھاری ہوتے ہیں کہ اڑ نہیں سکتے۔ یہ بطخیں جنوبی امریکا میں پائی جاتی ہیں۔

ان کے نام کا سبب یہ ہے کہ یہ پانی میںسے گزرتے ہوئے اپنے پروں کو ایسے چلاتی ہیں جیسے سٹیم بوٹ کا پہیہ گھومتا ہے۔ یہ اپنے پروں کو آپس میں ہونے والی خونیں لڑائیوں میں بھی استعمال کرتی ہیں۔ یہ لڑائیاں علاقوں پر کنٹرول کے لیے ہوتی ہیں۔ یہ بعض اوقات اپنے سے کئی گنا بڑے پانی کے پرندوں کو مار ڈالتی ہیں۔ ویکا: ویکا نیوزی لینڈ کا پرندہ ہے۔ اس کا رنگ بھورا ہوتا ہے اور یہ مرغی جتنا بڑا ہوتا ہے۔ اس کی تعداد اب گھٹنے لگی ہے۔ ان پرندوں میں نر اور مادہ مل کر گاتے ہیں۔ انہیں چالاک چور بھی مانا جاتا ہے کیونکہ یہ خوراک اور دیگر اشیا چرانے میں بہت ماہر ہوتے ہیں۔ ویکا تیراک بھی کمال کے ہوتے ہیں۔ شتر مرغ: عظیم الجثہ شترمرغ (Ostrich) کو پرندوں کا بادشاہ کہنا چاہیے۔ یہ سب سے بڑا پرندہ ہے جس کا قد نو فٹ اور وزن 300 پونڈ تک ہو سکتا ہے۔ ان پرندوں کے انڈے بھی سب سے بڑے ہوتے ہیں جن کا قطر تقریباً پانچ انچ اور وزن تین پاؤنڈ ہوتا ہے۔ اپنے دفاع کے لیے شترمرغ اپنی طاقت ور ٹانگوں کو استعمال کرتے ہیں ۔ یہ افریقہ کے کھلے میدان میں 45 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دور تک دوڑ سکتے ہیں۔ کیوی:کیوی کی پانچ اقسام ہیں۔ مرغی کے سائزکا یہ پرندہ نیوزی لینڈ میں پایا جاتا ہے۔ ان کے تھوڑے سے پر ہوتے ہیں ۔ ان کے انڈوں کا وزن ایک پاؤنڈ تک ہو سکتا ہے۔ پرندوں کے اپنے سائز کی مناسبت سے ان کا انڈا سب سے بڑا ہوتا ہے۔ کاکاپو: یہ پرندہ بھی نیوزی لینڈ میں رہتا ہے۔ اسے ’’الّو توتا‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔اس توتے کاچہرہ الّو جیسا ہوتا ہے۔ یہ پینگوئن کی طرح کھڑا ہوتا ہے اور بطخ کی طرح چلتا ہے۔ یہ واقعی ایک عجیب پرندہ ہے، لیکن ہے خوبصورت۔ اس کے پَر سبز اور بھورے ہوتے ہیں۔

اس کی لمبائی دو فٹ تک ہو سکتی ہے، اور یہ دنیا کا سب سے بھاری توتا ہے۔ نر کی آواز اتنی بلند ہوتی ہے کہ اسے نصف میل سے سنا جا سکتا ہے۔ ٹاکاہی:درمیانے سائز کا یہ پرندہ ’’لُکن چُھپائی‘‘ کا ماہر ہے۔ نیوزی لینڈ کے اس پرندے کے بارے میں 1800ء کی دہائی کے وسط میں خیال کیا گیا کہ ناپید ہو چکا ہے لیکن 1948ء میں یہ اچانک دوبارہ دریافت ہو گیا۔ یہ خاصا طویل العمر پرندہ ہے اور 20 برس تک زندہ رہ سکتا ہے۔ کیسو ویری: یہ وہ پرندہ ہے جس کے ساتھ آپ کو بگاڑنا نہیں چاہیے۔ یہ آسٹریلیا اور اس کے آس پاس کے جزائر کا مقامی پرندہ ہے اور اس کا سائز بہت بڑا ہے۔ اس سے بڑا پرندہ صرف شترمرغ ہے۔ اس کا پنجہ بہت خطرناک ہوتا ہے جس کا درمیانی حصہ چھرے کی طرح ہوتا ہے جو چار انچ لمبا ہو سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.